امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ 70 ارب میں سے تاحال سیلاب متاثرین کو کچھ نہیں ملا، پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کو غربت اور افلاس کے سوا کچھ نہیں دیا۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں سراج الحق نے کہا کہ سیلاب سے 18 ہزار اسکول متاثر اور لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہوگئے، متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتیں ایک پیج پر نہیں ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ سیلاب متاثرہ کیمپوں میں خواتین اور بچے انتہائی تکلیف دہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، حکومتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ علاقوں میں تعفن اور بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈھائی مہینے گزرنے کے باوجود شہروں و فصلوں سے نکاسی آب کا بندوبست نہیں ہوا۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان ڈھائی مہینوں سے سیلاب زدگان کی خدمت میں مصروف ہیں، جماعت اسلامی اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود عوام کی خدمت کر رہی ہے۔