مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا پر حملے میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بھی ملزم نامزد کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) دفتر کے باہر لیگی رکن اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا پر حملے کے معاملے میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ن لیگی رہنما کی مدعیت میں تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں اعانت جرم کی دفعہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں اقدام قتل سمیت 5 دفعات شامل کی گئی ہیں، مدعی نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ کیس میں بطور مدعی پیش ہوا۔
ایف آئی آر متن کے مطابق محسن شاہنواز نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے توشہ خانہ کیس میں فیصلہ عمران خان کے خلاف آیا، جیسے ہی ای سی پی سے باہر نکلا، پی ٹی آئی قیادت کی ایما پر مجھ پہ قاتلانہ حملہ ہوا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ میری گاڑی پر حملہ کیا گیا اور شیشے توڑ کر اندر گھسنے کی کوشش کی گئی۔