الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
ای سی پی نے سپریم کورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی آگے بڑھانے کے لیے درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست میں ای سی پی نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن میں اپنا جواب جمع کرا چکے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر رہنما ادارے کی توہین کا اختیار تسلیم کرچکے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا کہ تحریری جواب آنے کے بعد الیکشن کمیشن کی کارروائی عدالت میں چیلنج نہیں کی جاسکتی، ہائی کورٹس نے ای سی پی کے سامنے پیش ہونے کی یقین دہانی پر حکم امتناع جاری کیا۔
ای سی پی کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ہائی کورٹس میں یقین دہانی کے بعد بھی عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنما پیش نہیں ہو رہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا کہ الیکشن ایکٹ2017ء الیکشن کمیشن کو توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کا اختیار دیتا ہے، اس کارروائی کے خلاف ہائی کورٹس کے حکم امتناع خارج کرنے کی استدعا ہے۔
واضح رہے کہ ای سی پی نے عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔