وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کا مارچ اسلام آباد نہیں پہنچے گا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ صرف صوبہ پنجاب تک محدود رہے گا اور اسلام آباد نہیں پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ خونی مارچ کی بات کر رہے ہیں، پی ٹی آئی اقتدار کی ہوس کے لیے ہر جرم کرسکتی ہے، عمران خان کو ملکی معیشت اور سیلاب سے کوئی لینا دینا نہیں، یہ لانگ نہیں بلکہ سلو مارچ ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ فیصل واوڈا نے لانگ مارچ کے مقاصد سب کے سامنے رکھے ہیں، اللّٰہ نہ کرے کہ ایسی صورتحال پیدا ہو جیسی واوڈا نے بتائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل ایک آڈیو لیک سامنے آئی ہے، جس سے پی ٹی آئی کے اصل مقاصد سامنے آئے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی جانب سے جس طرح اداروں کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی اس کا فائدہ بھارت کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور پر پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر اسرار گنڈا پور کے قتل کا الزام ہے، عمران خان اپنے وزیر تک کو انصاف نہیں دے سکا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ عمران خان کا کچن دراصل علی امین گنڈا پور چلاتے ہیں، اس لیے کماؤ پوت کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس خیبرپختونخوا سے مطالبہ ہے اسرار گنڈا پور کے قتل کی تحقیقات کروائی جائیں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ آصف علی زرداری سے کسی کے بھی بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے، بیک ڈور سے رابطے پی ٹی آئی والے کرتے ہیں، رات کو پاؤں پڑتے ہیں اور دن کو بڑھکیں مارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کی وجہ ملکی معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے، حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی بنانے کا مقصد پیغام دینا ہے کہ ہم جمہوری لوگ ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کو پاکستان کا دورہ ملتوی کرنا پڑا تھا، جب بھی چین یاسی پیک کی بات آتی ہے تو انہیں دھرنا یا مارچ یاد آجاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 10 سال میں خیبرپختونخوا کا امن تباہ کیا ہے، عمران خان عافیہ صدیقی کا وکیل بننے کا ڈھونگ رچا رہا تھا پتہ چلا یہ فرح گوگی کی وکالت کر رہا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عمران خان کو اگر الیکشن کا شوق ہے تو پھر جن صوبوں میں ان کی حکومت ہے اسمبلیاں تحلیل کردیں تو الیکشن ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں میرے پاس اختیارات نہیں تھے، پوچھتا ہوں تو پھر آپ 4 سال تک حکومت میں کیا کر رہے تھے؟
دوران پریس کانفرنس صحافی نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ جس رفتار سے چل رہا ہے کیا وہ ایک ماہ تک اسلام آباد پہنچے گا؟ اس پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ لانگ نہیں بلکہ سلو مارچ ہے۔