چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ چوروں کے ساتھ ہیں اسے لیے قوم اُن کے ساتھ نہیں۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ میں سادھوکی میں کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، انسانوں کے معاشرے میں ہوتا ہے، یہاں چوروں اور ڈاکوؤں کو ہم پر مسلط کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر انسانوں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہو تو وہ جانوروں کا معاشرہ بن جاتا ہے، 6 ماہ میں مہنگائی سے کمر ٹوٹ چکی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ عوام کا آج انہوں نے معاشی قتل کر دیا ہے، بیروزگاری بڑھ رہی ہے، آج بجلی کے بل کتنے لوگ دے سکتے ہیں؟ یہ چور اپنے اربوں کے کیسز معاف کروا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کاشکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اعظم سواتی کو کل بلایا ہے، پی ٹی آئی سینیٹر پر ایسے تشدد کیا گیا جیسے کوئی دہشت گرد یا جاسوس تھا۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ 70 سال کے سینیٹر کو اس کے پوتے پوتیوں کے سامنے مارا گیا، ہمیں ملک میں انصاف چاہیے، اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ کیا گیا، اُس پر شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آپ ظلم اور ناانصافی کے آگے کھڑے نہیں ہوں گے تو انسان اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں ہوگا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک کی اسٹیبلشمنٹ قوم کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، اُس نے چوروں کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے تو قوم اُن کے ساتھ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اس ملک کا مجرم ہے اور آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے، ساری قوم کو کہنا چاہتا ہوں، یہ وقت اپنی تقدیر بدلنے کا ہے، یہ ظالم ہمیں خوف کے بت کی پوجا کرواتے ہیں۔