پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عابد شیر علی کے والد نے کہا رانا ثنا اللّٰہ نے 18 قتل کیے۔ ایک جرائم پیشہ آدمی کو وزیر داخلہ بنا دیا۔
سمن آباد میں پی ٹی آئی لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جیلوں میں صرف غریب آدمی ہیں، کیا یہاں صرف غریب چوری کرتا ہے؟ یہاں تو ملک کو لوٹ لیا گیا ہے، چوروں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا، 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ نیب میں انہوں نے اپنا آدمی بٹھایا ہوا ہے، چوروں کو ہمارے اوپر بٹھایا ہے، ملک کے سب سے بڑے مافیا 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے، مشرف نے اپنی کرسی بچانے کیلئے دونوں چوروں کو این آر او دیا، بند کمرے میں فیصلہ کرکے چوروں کو ہم پر مسلط کر دیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ورلڈ بینک کہتا ہے برصغیر میں سب سے زیادہ روزگار پاکستان میں تھا، ملک خوشحالی کی طرف جا رہا تھا، سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، جب تک اندر سہولت کار نہ ہوں بیرونی سازش کامیاب نہیں ہوتی۔
عمران خان نے کہا کہ پچھلے 6 ماہ میں 37 ضمنی انتخابات ہوئے، 29 تحریک انصاف نے جیتے، ساری جماعتیں ایک طرف ہیں، تحریک انصاف نے سب کو ہرایا، قوم چوروں اور مافیا کو مسترد کر چکی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف سے جب پوچھا جاتا ہے پیسا کہاں سے آیا تو باہر بھاگ جاتا ہے، باہر جا کر ڈیل کرتا ہے، پھر ملک کو لوٹتا ہے اور پھر باہر بھاگ جاتا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم اسلام آباد آ رہے ہیں، دیر ہو رہی ہے، 8 سے 9 دن لگیں گے، بھگوڑا باہر انتظار کر رہا ہے کہ ماحول سازگار ہو تو واپس آؤں۔
عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد کے لیے سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان سمیت سارے پاکستان سے قافلے نکلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز اور نواز شریف کے سہولت کار، ہینڈلر سن لو! یہ پاکستانی قوم ہے بھیڑ بکریاں نہیں ہیں، زبردستی کوشش کریں گے کہ چوروں کی حمایت کریں تو قوم آپ کے خلاف ہو جائے گی۔