پشاور (لیڈی رپورٹر)خیبر یونین آف جرنلسٹس نے باچا خان ائیرپورٹ پشاور پر غیر ملکی مہمان صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کی مذمت کی ہے۔ تلاشی کے بہانے خاتون صحافی کی اس کے والد کے سامنے بے عزتی کرنے والوں نے پاکستان کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، اس گھنائونے فعل میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے بصورت دیگر یونین اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔ خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین اور جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی نے کہا ہے کہ پشاور میں پہلی بار انٹرنیشنل پیس اینڈ سپورٹس کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد دنیا کو پاکستان خصوصاً پشاور کا مثبت چہرہ دکھانا تھا اس مقصد کے لئے دس ممالک سے مندوبین آئے تھے تاہم واپسی پر پشاور ائیرپورٹ پر کچھ غیر ملکی صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور آذربائیجان سے آئے سینئر صحافی کے سامنے اس کی بیٹی نرگس محمودزادے کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔