عمران خان پر وزیر آباد میں حملے کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی چیئرمین کے درمیان اختلاف پیدا ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی اور عمران خان کے درمیان حملے کی ایف آئی آر کے معاملے پر اختلافات پیدا ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان قاتلانہ حملے کا مقدمہ اپنی خواہش کے مطابق جبکہ پرویز الہٰی قانون کے مطابق ایف آئی آر کٹوانا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین کے رویے پر وزیراعلیٰ پنجاب ناراض ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے شوکت خانم اسپتال لاہور میں عمران خان کی عیادت کی، اُن کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی مونس الہٰی بھی موجود تھے۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عمران خان تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے عمران خان سے ملاقات کی اور معالجین سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ عمران خان کا حوصلہ پہلے سے بلند ہے۔
مونس الہی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کچھ ہدایات جاری کی ہیں جن پر ان شاء اللہ مکمل عمل کیا جائے گا۔