پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیرآباد میں خود پر ہونے والے حملے کو ناکام بنانے والے ابتسام سے ملاقات کی ہے۔
لاہور کے شوکت خانم میں ملاقات کے دوران عمران خان نے ابتسام کی بہادری کی تعریف کی۔
عمران خان نے کہا کہ تم پاکستان کے ہیرو ہو، تم نے بڑی دلیری دکھائی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے ابتسام کی شرٹ پر دستخط بھی کیے اور ان کے گھر جانے کا وعدہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں اللّٰہ والا چوک میں گزشتہ روز پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی تھی، جس میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنما زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔
اس دوران ایک شخص نے حملہ آور کو فائرنگ کرنے کے دوران پیچھے سے پکڑ لیا تھا۔
عمران خان پر قاتلانہ حملے کے وقت فائرنگ کرنے والے شخص کو پکڑنے والے ابتسام کا کہنا تھا کہ افسوس ہے حملہ آور کو پہلی گولی فائر کرنے سے پہلے نہیں پکڑ سکا۔
ابتسام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والا شخص تیاری میں نہیں تھا، اس نے ایک فائر کیا، حملہ آور کا پستول آٹو میٹک تھا، جب پکڑا تو پستول سے فائر ہوتے رہے۔