اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے عملے نے راولپنڈی میں اندرون ملک سے کوریئر کے ذریعے منشیات اسمگلنگ ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق راولپنڈی میں بحریہ ٹاؤن فیز 4 میں نجی کوریئر آفس میں کوئٹہ سے موصول ہوئے ایک پارسل سے 90 گرام ویڈ برآمد ہوئی جسے ضبط کر لیا گیا، پارسل بھیجنے والے ملزم کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔
ایک اور کارروائی میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر شارجہ جانے کے لیے پہنچے سوات کے رہائشی مسافر کے پیٹ سے 70 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد ہوئے ہیں، ملزم فلائٹ نمبر PK 181 شارجہ جا رہا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جہلم ٹول پلازہ جی ٹی روڈ پر کار سے 20 کلو 400 گرام چرس اور 7 کلو 200 گرام افیون برآمد ہوئی ہے، اس کارروائی میں پشاور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے این ایف اور ایف سی کی خیبر میں مشترکہ کارروائی میں پلاسٹک کے تھیلوں سے 16 کلو 185 گرام چرس برآمد ہوئی ہے، ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔