آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار پانے والی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کا کہنا ہے کہ وہ ایوارڈ کو اپنے والد کے نام کریں گی۔ وہ میرے لیے بہت دعائیں کیا کرتے تھے آج میں جس مقام پر ہوں ان کی وجہ سے ہوں۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار کو اکتوبر کے مہینے میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔ ان کے مقابلے میں دو بھارتی کرکٹرز تھیں۔
آل راؤنڈر ندا ڈار نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ کھلاڑی کی حیثیت سے پرفارم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، اچھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، دورہ آسٹریلیا کے بعد ورلڈ کپ جیسا اہم ایونٹ ہے، بحیثیت ٹیم ہمیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔
آل راؤنڈر نے کہا کہ ایسے اعزازات ملنے سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، دوسری کھلاڑی بھی متاثر ہو کر اچھا کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
ندا ڈار نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف ہماری ٹاپ آرڈر بیٹرز اچھا کھیل رہی ہیں، میں بھی منتظر ہوں کہ بیٹنگ آئے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تمام کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔
ندا ڈار نے ایک بار پھر اپنے عزم کا اظہار کیا کہ مجھے پاکستان کی نمبر ون اور دنیا کی بہترین آل راؤنڈر بننا ہے۔ میری کوشش ہے کہ ٹیم کو زیادہ سے زیادہ میچز جتواؤں۔