سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی رہنما فیصل واؤڈا کی تاحیات نااہلی کے کیس کی سماعت وقت کی کمی اور آئندہ ہفتے بینچ دستیاب نہ ہونے پر ملتوی کر دی۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
چیف جسٹس پاکستان نے دورانِ سماعت کہا کہ پچھلی سماعت پر 2 سوالات پوچھے گئے تھے، پہلا سوال تھا کہ ہائی کورٹ کی 62 ون ایف کے تحت ڈیکلیریشن کو برقرار رکھا جا سکتا ہے یا نہیں؟
انہوں نے کہا کہ دوسرا سوال تھا کہ کیوں نہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے آرٹیکل 187 کا اختیار استعمال کریں؟
فیصل واؤڈا کے وکیل نے کہا کہ عدالتی سوالات پر تحریری جواب تیار کیا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ تحریری جواب تیار کر کے آپ نے بہت اچھا کیا، اس کو دیکھ لیں گے، وقت کی کمی ہے، آئندہ ہفتے نئے ججزکی وجہ سے یہ بینچ دستیاب نہیں ہو گا، کوشش کریں گے کہ کیس کسی ایسے بینچ میں لگے جس میں موجودہ بینچ کا کوئی ممبر ہو۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موجودہ بینچ کیس کی 6 سماعتیں کر چکا ہے، درخواست ہے کہ یہی بینچ کیس کی سماعت کرے۔
عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے کیس کی سماعت نومبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔