مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان پر حملے کی ابتدائی فرانزک رپورٹ کے مطابق حملہ آور کم از کم 2 تھے۔
زمان پارک لاہور میں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں حملے کی ابتدائی فرانزک رپورٹ پیش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی فرانزک رپورٹ کے مطابق حملہ آور کم از کم 2 تھے، حتمی فرانزک رپورٹ میں تعین ہوگا کہ کس کس اسلحے سے فائر کیا گیا۔
مشیر داخلہ پنجاب نے مزید کہا کہ حافظ آباد میں لیگی رہنماؤں نے جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے، گورنر راج لگانا صرف گیڈر بھبھکیاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کو پنجاب حکومت سرینڈر کر چکی ہے، نئے آئی جی پنجاب کی تعیناتی کے لیے نام بھی بھجوا چکے ہیں۔
اس موقع پر فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عمران خان پر منصوبہ بندی کے تحت حملہ کروایا گیا، فرانزک کی ابتدائی رپورٹ سے بھی یہ بات ثابت ہوگئی ہے، ملزم کو طوطے کی طرح رٹایا گیا کہ وہ مذہبی جنونی ہے۔