چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے آرمی ایکٹ میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے، اگر یہ آرمی ایکٹ میں تبدیلی لائے تو اداروں کو نقصان پہنچائیں گے۔
لاہور میں لانگ مارچ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے زندگی میں کبھی میرٹ پر فیصلہ نہیں کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب سے حکومت سے گیا ہوں ہر تھوڑے دن بعد کمپین آجاتی ہے، انہوں نے توشہ خانے سے چار مہنگی گاڑیاں نکالیں ان کو کوئی نہیں پوچھتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ میرے خلاف جسے سامنے لائے، سوشل میڈیا نے بتا دیا وہ ناروے سے بھاگا ہوا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں صاف شفاف الیکشن ہوں تاکہ ملک دلدل سے نکل سکے، نواز شریف اور زرداری ڈرے ہوئے ہیں کہ آج الیکشن ہوئے تو یہ ہار جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ان دو خاندانوں کی حکومتیں رہیں بھارت، بنگلادیش ہم سے آگے نکل گئے، ان کے مفادات پاکستان سے نہیں ملتے، ان کے بچوں نے برطانوی پاسپورٹ لے لیا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آج دنیا سمجھتی ہے پاکستان کو قرضہ دیں تو 75 فیصد چانس ہے پاکستان واپس نہیں کرسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک پر چوروں کو سازش کے ذریعے بٹھایا گیا، مارچ کے ذریعے بتا رہے ہیں ایسے ظلم اور ناانصافی کو تسلیم نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ این آر او دینے کا مطلب ہے یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ہے، انہوں نے آتے ہی اربوں روپے کے نیب کیسز ختم کر دیے، حکومت کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، انہوں نے آتے ہی اپنے آپ کو این آر او دے دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب سے یہ آئے ہیں ملک کا معاشی قتل ہوچکا ہے، یہ دونوں جماعتیں 30 سال سے ملک پر حکومت کرتی رہیں، خود کو بچانے کیلئے یہ ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاناما کا انکشاف ہوا تو مغرب میں جن کے نام آئے وہ جیل گئے یا مستعفی ہوئے، بڑے چوروں کو قانون کے نیچے لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ارشد شریف کیلئے انصاف چاہیے، سپریم کورٹ پوری تحقیقات کرے۔