پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان آج بھی لانگ مارچ فارن فنڈنگ سے چلا رہا ہے، ہم اس کو دشمن جارحیت کا نام نہ دیں تو کیا کہیں؟ ہم نے کہا تھا یہ اسلام آباد نہیں آ سکتے یہاں کی زمین گرم ہے، اب یہ کہہ رہے ہیں پنڈی آئیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں اضطراب بڑھانے کی کوششیں ہورہی ہیں، غلط پالیسیوں اور صحیح پالیسیوں کے اثرات ہوتے ہیں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کے انتشار کے باعث ملک کو مشکلات کا سامنا ہے، ملک کی سلامتی کے لیے قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ملک تمہاری غلط پالیسیوں کے باعث دیوالیہ پن کے قریب پہنچ چکا تھا، ملک بلیک لسٹ ہونے جا رہا تھا، آج پاکستان کو گرے سے نکال کر وائٹ لسٹ میں لے آئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 75 سال بعد ملکی پالیسی سود کے خاتمے کی طرف جا رہی ہے۔