• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھڑی کے معاملے پر میں امریکا، برطانیہ اور دبئی میں کیس کر رہا ہوں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گھڑی کے معاملے پر میں امریکا، برطانیہ اور دبئی میں کیس کر رہا ہوں، کہاں یہ چند کروڑ کی بات اٹھا دی اور کہاں ان کے 1100 ارب کے کیس معاف ہو رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے شرکاء سے بذریعہ ویڈیولنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے قانون ایسے بنا دیے کہ خود کو بچا لیا، حسن شریف کی 10 ارب کی پراپرٹی کو اب کوئی نہیں پوچھے گا، یہ بیلون چھوڑتے ہیں کہ توشہ خانہ میں یہ ہوگیا۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے کہا تھا ان سے معیشت سنبھالی نہیں جائے گی، قرضے ادا نہیں کر سکیں گے، انہوں نے تو ملک کبھی ٹھیک نہیں کیا ہمیشہ تباہ کرکے گئے ہیں، میں نےکہا تھا قومی سلامتی داؤ پر لگے گی، مجھے خوف ہے یہ ملک سے بھاگ جائیں گے، ان کی کوشش ہے جتنی چوری کی ہے اسے بچالیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ان کے مفادات اور پاکستان کے مفادات میں تضاد ہے، انہوں نے کبھی ملک کیلئے فیصلہ نہیں کیا ان کے سارے فیصلے اپنی ذات کیلئے ہوتے ہیں، جس طرف ملک جا رہا ہے یہ پھر سے ملک چھوڑ کر بھاگیں گے، ملک بچانے کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ صاف شفاف الیکشن کروائے جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کسی طرح عمران خان کو راستے سے ہٹایا جائے، مجھ پر حملہ کروانے والے تینوں کا نام دے چکا ہوں، انویسٹی گیشن تو اب صرف چیف جسٹس کے نیچے ہو سکتی ہے، ثابت ہوگا ان تینوں نے میرے خلاف پلان کیا تھا، یہ جو مرضی کرلیں، انہیں پتا ہے تحریک انصاف کے خلاف کچھ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ قوم مارچ کے ذریعے بتانا چاہتی ہے کہ ہم ان کے ساتھ نہیں کھڑے، ہفتے کو اعلان کروں گا کہ کس دن پنڈی پہنچنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان کا ڈیفالٹ رسک 80 فیصد تک پہنچ گیا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات بھی کم ہو رہی ہیں، باہر کے بینک پاکستان کو پیسے نہیں دیں گے جس سے پاکستان ڈیفالٹ کر سکتا ہے، پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے سے روپے پر پریشر بڑھے گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پانچ کروڑ پاکستانی غربت کی سطح سے نیچے ہیں، پاکستان کی آدھی آبادی زراعت پر انحصار کرتی ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کپاس کی فصل 25 فیصد کم ہوگی، ٹریکٹر کی فروخت 45 فیصد اور ڈی اے پی کھاد 75 فیصد کم ہو گئی ہے، ہم گئے تو صنعتی ترقی 27 فیصد تھی آج ایک فیصد رہ گئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 50 سال میں اس وقت سب سے زیادہ مہنگائی ہے، حکومت کا زور معاشی تباہی سے نمٹنے پر ہونا چاہیے، حکومت کا زور اس کے برعکس کرپشن کیسز ختم کروانے پر ہے، بڑے بڑے ڈاکوؤں کے کرپشن کیسز ختم ہو رہے ہیں، قوم کا 11سو ارب کا نقصان ہو رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید