• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر کے پاس آخری چانس ہے، آرمی چیف تعیناتی پر گڑ بڑ کی تو نتیجہ بھگتنا پڑے گا،بلاول

فوٹو اسکرین گریپ
فوٹو اسکرین گریپ 

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ صدر عارف علوی کے پاس آخری چانس ہے، اگر انہوں نے گڑبڑ کی کوشش کی تو اس کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کا مقصد آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانا ہے، خان صاحب کا مقصد غیر جمہوری کھیل کھیلنا ہے، عمران خان صرف اپنا سوچتے ہیں، اس کا نقصان صرف خان کو نہیں پورے پاکستان کو بھگتنا پڑے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کا اختیار ہے، وزیراعظم جو بھی آرمی چیف تعینات کریں گے ہم ساتھ ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لانگ مارچ کا کوئی جمہوری مقصد نہیں، خان صاحب نے اپنی تمام سیاست غیر جمہوری قوتوں کے کندھوں پر سوار ہوکر کی ہے، اب خان صاحب اور تمام قوتوں کو پیغام دیتا ہوں کہ یہ کھیل کھیلنا بند کریں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ خان صاحب کو جمہوری طریقے سے نکالا جائے، عمران خان نے عدم اعتماد سے بچنے کیلئے تاحیات توسیع کی پیشکش کی، جنرل باجوہ نے پاکستان کیلئے تاحیات توسیع کی پیشکش مسترد کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کی سیاست اس سے جڑی ہوئی ہے کہ فیصلہ متنازع ہو، عمران خان آئین پر عمل کرنے کو متنازع کرنا چاہتے ہیں، عمران خان آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو ناکام کرنا چاہتے تھے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم بننے سے پاکستان کو نقصان ہوا ہے، پاکستان کی معیشت اور عوام کو نقصان ہوا، گزشتہ دور حکومت کی وجہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں ملک کی معیشت کو اتنا نقصان پہنچایا گیا کہ ہم ڈیفالٹ کے خطرے میں ہیں، عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد آکر آئی ایم ایف سے مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔

قومی خبریں سے مزید