• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام، عثمان بزدار کی عبوری ضمانت منظور

لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔

احتساب عدالت نے عثمان بزدار کو 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور نیب کے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 نومبر کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔

عثمان بزدار احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین اعوان کی عدالت میں پیش ہوئے، پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے ان کی درخواست ضمانت کے ساتھ کسی انکوائری کی دستاویزات لف نہ ہونے کا اعتراض اٹھایا اور گرفتاری کے خدشے کو بھی بلاجواز قرار دیا۔

عثمان بزدار کے وکیل نے کہا کہ نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں کارروائی شروع کر رکھی ہے لیکن ابھی طلبی کا باقاعدہ نوٹس نہیں بھجوایا۔

نیب حکام ہائیکورٹ ملتان بینچ میں جمع کرائےگئے، جواب میں آمدن سے زائد اثاثوں کی نامعلوم شکایت کا ذکر کر چکے ہیں، خدشہ ہے کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

عدالت نے کہا کہ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر انکوائری یا انویسٹی گیشن میں پیشرفت سے متعلق آگاہ کرے، اسپشل پراسیکیوٹر نیب نے درخواست ضمانت کے ساتھ انکوائری کی دستاویزات نہ ہونے کا اعتراض اٹھایا۔

پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے ملزم عثمان بزدار کی گرفتاری کے خدشے کو بھی بلاجواز قرار دیا۔

عثمان بزدار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب حکام بدنیتی کی بنیاد پر سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں، گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر عثمان بزدار کی عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

قومی خبریں سے مزید