• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنوں کی پچھلی قسط میں کس کا کیا کردار رہا یہ بھی دیکھیں گے: عدالت

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پی ٹی آئی کے احتجاجی دھرنوں کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سماعت کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا ہے کہ دھرنوں کی پچھلی قسط میں کس کا کیا کردار رہا عدالت اس کو بھی دیکھے گی۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کیس کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت کمشنر، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، سی پی او، سی ٹی او، ڈی آئی جی موٹر وے، وزارتِ مواصلات کا نمائندہ اور آئی بی کا سیکشن افسر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

ڈی جی آئی بی نے احتجاجی دھرنوں سے متعلق لفافہ بند رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ لفافہ بند رپورٹ درخواست گزاروں کو بھی فراہم کرنا ہو گی۔

وزارتِ مواصلات، ڈی سی راولپنڈی، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، آر پی او راولپنڈی نے بھی عدالت میں رپورٹس جمع کرا دیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی 26 تاریخ کو دھرنا دے رہی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اس روز تعلیمی اداروں کو بند کرنا چاہ رہی ہے۔

جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کہا کہ کل جو بھی صورتِ حال پیدا ہو گی عدالت اس کو دیکھے گی، دھرنوں کی پچھلی قسط میں کس کا کیا کردار رہا عدالت اس کو بھی دیکھے گی، جس کا بھی قصور ہوا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید