عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تعیناتی کے لیے سمری آگئی، تمام نام شامل کر کے ادارے نے دور اندیشی کا ثبوت دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ کسی کی پسند نا پسند کا نہیں میرٹ کا سوال ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی آرمی چیف آئے گا وہ سیاست سے دور ملک اور اپنے ادارے کا وفادار ہو گا۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نیا آرمی چیف تباہ حال معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کرے گا۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف نےجس کو بھی تعینات کیا اسی کے ساتھ جوڈو کراٹے کیے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزارتِ دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیرِ اعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے۔
اُدھر وزیرِ اعظم آفس نے جاری کیے گئے بیان میں تصدیق کی ہے کہ وزارتِ دفاع کی سمری وزیرِ اعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے۔
وزیرِ اعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزارتِ دفاع کی جانب سے سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف کی تقرری کے لیے نام بھیجے گئے ہیں۔