• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کی تعیناتی پر وزارتِ دفاع کی سمری وزیرِ اعظم آفس کو مل گئی: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزارتِ دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیرِ اعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ سمری میں آرمی چیف اور چیئرمن جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدوں کے لیے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

سمری مل گئی، وزیرِ اعظم ہاؤس

اُدھر وزیرِ اعظم آفس نے جاری کیے گئے بیان میں تصدیق کی ہے کہ وزارتِ دفاع کی سمری وزیرِ اعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے۔

وزیرِ اعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزارتِ دفاع جانب سے سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف کی تقرری کے لیے نام بھیجے گئے ہیں۔

وزیرِ اعظم آفس کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف طے شدہ طریقہ کار کے مطابق تقرریوں کا فیصلہ کریں گے۔

وزیرِ دفاع نے کیا کہا؟

اس سے قبل وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے لیے جی ایچ کیو کی سمری وزارتِ دفاع سے وزیرِ اعظم آفس میں موصول ہو گئی ہے۔

اس ضمن میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ باقی مراحل بھی جلد طے ہو جائیں گے۔

اس سے پہلے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ جی ایچ کیو نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے لیے 6 سینئر موسٹ جنرلز کے نام وزارتِ دفاع کو بھیج دیے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید