وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیج دی جائے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے میں آصف زرداری نے اچھی تجویز دی ہے، فیصلے میں زرداری صاحب کی رائے ترجیح میں پہلے نمبر پر ہوگی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ صدر کے سمری روکنے سے ایک غیر یقینی صورتحال تو ضرور ہوگی، حکومت کو بھی دھچکا لگے گا، لیکن حتمی شکست عمران خان کو ہوگی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عمران خان کے پاس ادارے سے تعلقات بہتر کرنے کا یہ ایک موقع بھی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سمری کا ٹائم ٹیبل اتفاق رائے سے طے ہوا ہے، ہم نے جو ٹائم ٹیبل سیٹ کیا تھا اس میں ایک دو روز کا فرق پڑا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف کو نشانہ بنانے کیلئے تمام حربے استعمال کیے گئے، ہم آج بھی وہ زبان نہیں بول رہے جو عمران خان بول رہے ہیں، اس بندے نے زکٰوۃ کے پیسے چوری کیے، تحائف بیچ دیے۔