سکھر(بیورو رپورٹ ) چیف ایگزیکٹو سیپکو مجاہد اسلام بلا کی ہدایت پر پرانا سکھر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف سپرنٹنڈنٹ انجنیئر عبدالغفار ماکو کی سربراہی مین آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران 500سے زائد غیر قانونی کنکشز منقطع کر کے 10افراد کے خلاف بجلی چوری کے نئے آرڈیننس کے مطابق مقدمات درج کیئے گئے ہیں جبکہ 16لاکھ روپے کے بقایاجات بھی نادہندگان سے وصول کئے گئے ہیں، سپرنٹنڈنٹ انجنیئر عبدالغفار ماکو نے پرانا سکھرکے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں سحر ، افطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، وزارت پانی وبجلی کے احکامات پرمکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، لوڈشیڈنگ کی سب سے بڑی وجہ بجلی کی چوری ہے جس کی روک تھام کے لئے سیپکو کی ٹیمیں بڑے پیمانے پر آپریشن کررہی ہیں، آپریشن کے دوران سیپکو کو رینجرز اور پولیس کی بھی مدد حاصل ہے، پرانا سکھر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی موجودگی میں بجلی کے 500سے زائد غیر قانونی کنیکشن منقطع کر کے سینکڑوں میٹر تار قبضے میں لیا گیا ہے جسے نذر آتش کردیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے دوران سحر، افطار اور تراویح میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور دن بھر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھنے کے لئے عوام تعاون کریں اور بجلی کی چوری کی روک تھام میں سیپکو کی ٹیموں کی مدد کریں تاکہ مل کر بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بناتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ کو کم سے کم کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے بجلی کے غیر قانونی کنڈے لگا رکھے ہیں اور وہ بجلی چوری کررہے ہیں ان سے متعدد مرتبہ اپیل کی ہے کہ وہ اپنے غیر قانونی کنکشز فوری طور پر منقطع کردیں ، بصورت دیگر بجلی چوروں کے خلاف نئے ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے، لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی کارروائی سے بچنے کے لئے فوری طور پر قانونی کنکشن حاصل کریں۔s