پاکستانی معروف اداکارہ اقراء عزیز نے کہا ہے کہ وہ فیروز خان کے ساتھ کام کرنے میں خود کو پرسکون محسوس نہیں کر رہی تھیں، اس لیے انہوں نے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا۔
اقراء عزیز نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جیو انٹرٹینمنٹ کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ میں مدِ مقابل کام کرنے والے ساتھی اداکار فیروز خان پر لگے الزامات سے متعلق بات کی ہے۔
میزبان کی جانب سے اداکارہ سے سوال پوچھا گیا کہ ابھی عدالت میں فیروز خان پر لگے الزامات ثابت نہیں ہوئے ہیں، اُس سے قبل ہی اداکار فیروز کے ساتھ دوبارہ کام نہ کرنے سے متعلق آپ کا کیا کہیں گی۔
اس سوال کے جواب میں اقراء عزیز کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ لینا میرے لیے بہت بڑی بات تھی، میرا خیال ہے کہ جو مجھے صحیح لگا میں نے کیا، مجھے لگتا ہے میں نے صحیح فیصلہ کیا ہے، کیوں کہ میں فیروز خان کے ساتھ کام کرنے میں خود کو پرسکون محسوس نہیں کررہی تھی تو میں نے انکار کر دیا۔
اقراء عزیز کا مزید کہنا تھا کہ میں پہلے بھی ایک پروجیکٹ میں فیروز خان کے ساتھ کام کر چکی ہوں، میں نے اُس وقت بھی خود کو غیر محفوظ اور بے چین محسوس کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں کسی پر بھی الزام لگے خواہ وہ لڑکی ہو یا لڑکا اُس کے خلاف فیصلہ آنے کا انتظار کرنے سے زیادہ ضروری ہے کہ آپ اپنے ضمیر کی بات سنیں۔