وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سیلاب میں سب سے بہتر کارکردگی دکھائی۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 20 لاکھ سے زائد گھر تباہ ہوئے ہیں، گھروں کی تعمیر کے لیے سندھ حکومت اربوں روپے خرچ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ 4 لاکھ 74 ہزار سے زائد خیمے سیلاب متاثرین کو فراہم کیے، 17 لاکھ خاندانوں کو سندھ حکومت نے راشن فراہم کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کے 80 فیصد علاقوں میں پانی تھا، جس کو نکالا گیا، سیلاب متاثرہ 90 فیصد علاقوں سے پانی نکال لیا گیا ہے، سندھ کے کچھ علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیمپس میں سیلاب متاثرین کو ڈھائی سے 3 ماہ غذائی اشیاء فراہم کیں، سیلاب کے باعث بڑی آفت کا سامنا تھا، ہم ہر ضلع میں گئے۔
شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ کچھ ویڈیوز موجود ہیں جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کے لیے لوگوں کو استعمال کیا گیا۔