وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل کے لیے عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں۔
لاہور میں وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی سے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر مونس الہٰی بھی موجود تھے۔
دوران ملاقات سیاسی صورتحال، پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری پرویز الہٰی نے دوران گفتگو کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، 27 کلو میٹر کے وزیراعظم کے پاؤں تلے سے زمین سرک رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس کا ساتھ دیتے ہیں اس کا ساتھ نبھاتے ہیں، پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن والوں کے نمبرز کم ہیں اور باتیں زیادہ کرتے ہیں، تحریک عدم اعتماد اور گورنر راج کی باتیں گیدڑ بھبھکیاں ثابت ہوں گی۔
مونس الہٰی کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کے حقیقی لیڈر ہیں، ان جیسا رہنما مدتوں میں ملتا ہے، غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے، پنجاب اسمبلی اور وزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے۔