دھند کی شدت کے باعث صوابی سے رشکئی تک بند کی گئی موٹر وے ایم 1 دھند کی شدت میں کمی کے بعد ہر قسم کے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔
پنجاب اور خیبر پختون خوا کے بیشتر میدانی علاقے آج بھی گہری دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 2 لاہور سے سیال موڑ تک، لاہور ملتان موٹر وے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک جبکہ موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے درخانہ تک بند کر دی گئی ہیں۔
لاہور اور اس کے گرد و نواح میں دھند اور اسموگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
موٹر وے پولیس نے ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔