• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الہٰی کے بیان پر سوال ، عثمان بزدار کا جواب دینے سے گریز

عثمان بزدار اور پرویز الہٰی—فائل فوٹو
عثمان بزدار اور پرویز الہٰی—فائل فوٹو

پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ پرویز الہٰی کے بیان سے متعلق سوال پر سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جواب دینے سے گریز کیا ہے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے لیے آمد کے موقع پر ایک صحافی نے عثمان بزدار سے سوال کیا کہ پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے 4 سال ضائع کیے، کوئی کام نہیں کیا؟

عثمان بزدار نے جواب دیا کہ کورٹ کے اندر کوئی سیاسی بیان نہیں دینا چاہتا۔

عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں توسیع

دوسری جانب شراب کے لائسنس کے کیس میں عبوری ضمانت کے لیے سماعت کے موقع پر سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار احتساب عدالت لاہور میں پیش ہوئے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج نسیم ورک نے سماعت کرتے ہوئے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع کر دی۔

دورانِ سماعت جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب ہے یا نہیں؟ عدالت کو آگاہ کریں۔

تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ آج کی تاریخ تک عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب نہیں۔

جج نے کہا کہ پھر ایسے تو ہم عبوری ضمانت میں تاریخیں ڈالتے رہیں گے، واضح ہدایات لے کر آئیں کہ نیب کو اس کیس میں گرفتاری چاہیے یا نہیں۔

قومی خبریں سے مزید