امیر جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو گزشتہ 4 برس میں زمین بوس کیا گیا، اسے دوبارہ اٹھانا بڑا چیلنج ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ملک اس وقت بڑے بحرانوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ دنیا کی کسی طاقت کو بھی پارلیمنٹ پر دباؤ کا کوئی حق حاصل نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے ساتھ تعلقات برابری کی بنیاد پر چاہتے ہیں، پوچھتا ہوں کہ صرف اسلام نشانے پر کیوں ہے؟
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ 20 سال میں افغانستان پر جنگ مسلط کی گئی، امریکا اب سپر طاقت نہیں رہا، امریکا افغانستان میں شکست کھا چکا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف امریکا کی لونڈی ہے، جو پاکستان پر دباؤ ڈال رہی ہے، ہم ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ ہم دنیا کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ کس قدر سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا، ہمیں بھی امید نہیں تھی۔