پشاور(نیوزڈیسک)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر انے پیسکو حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں روزہ داروں کی تکالیف کااحساس کرتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کیاجائے اوور بلنگ کا سختی سے تدارک کیا جائے اور بجلی کی ترسیل کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کرنے کے لئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کر کے عوامی نمائندوں اور عوام کو اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیسکو حکام کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوابی کے موضع کڈی کے لئے الگ فیڈر کی تنصیب کیلئے ہدایات دی گئیں ۔سپیکر نے پیسکو حکام کو اوتلہ فیڈر سے ضلع تورغر کو الگ کرنے کیلئے کیس تیارکرنے اور نیو مرغز فیڈر کو رائٹ بنک تربیلہ سے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے احکامات جاری کئے۔اجلاس میں سب ڈویژن زیدہ کو دو حصوںمیں تقسیم کرکے ایک سب ڈویژن مرغزبنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔سپیکر نے کہاکہ صوابی میں لوڈ شیڈنگ کی زیادتی اور اوور بلنگ کی شکایات عام ہیں لہذا ان کا تدارک کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ رمضان کا مبارک مہینہ ہے اور لوگوں کوروزہ رکھنے کے علاوہ دیگر عبادتوںکی ادائیگی میں بجلی کی زیادہ لوڈ شیڈنگ کے باعث سخت مشکلات درپیش ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی ترسیل کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کرناپیسکو حکام کا اولین فرض ہے لہذا وہ زائد لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ پر فوری طور پر قابو پاکرعوام کو اس مبارک مہنے میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کریں۔ سپیکرنے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ پیسکو حکام خراب ہونے والے ٹرانسفارمروںکی مرمت میں کم سے کم ٹائم صرف کریں تاکہ گرمی کے موسم میں عوام کو تکالیف سے بچایاجاسکے۔