پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان ٹیم جیت کے تعاقب میں آج اپنی اننگز 198رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سےآگے بڑھائے گی۔
ملتان ٹیسٹ جیتنے کیلئے مہمان ٹیم انگلینڈ کو مزید 6 وکٹ درکار ہیں جبکہ پاکستان کو فتح حاصل کرنے کے ساتھ سیریز برابری کیلئے 157 رن درکار ہیں۔
گزشتہ روز ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹ پر 198 رنز بنالیے تھے۔
دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 355 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور عبداللّٰہ شفیق نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک 64 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے کھانے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں 66 رنز پر محمد رضوان کو بہت ہی شاندار آؤٹ سوئنگ کروا کر 30 رنز پر بولڈ کیا۔
بابراعظم 67 کے اسکور پر صرف ایک رنز بنا کر روبنسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
دوسرے اوپنر عبداللّٰہ شفیق کو 83 کے مجموعے پر مارک ووڈ نے بولڈ کیا، انہوں نے 45 رنز کی باری کھیلی۔
اس کے بعد امام الحق اور سعود شکیل نے 108 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، 191 کے اسکور پر امام الحق 60 رنز پر لیچ کی گیند پر روٹ کو کیچ تھما بیٹھے۔
دن کے اختتام پر سعود 54 اور فہیم اشرف 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔