وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے ساتھ اور دین کے ساتھ بہت زیادتی کی، عمران خان صاحب، باجوہ صاحب تو آپ کے محسن ہیں، آپ تو محسن کش نکلے، باجوہ صاحب ریٹائر ہو گئے ہیں، اب ان کو آرام سے زندگی گزارنے دیں۔
وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ ڈیلی میل نے پورے پاکستان سے معافی مانگی ہے، اب دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف کے سامنے ایڑیاں رگڑنی پڑیں، کیونکہ وہ ہم پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں تھا، آئی ایم ایف نے نہ جانے کون کون سی یقین دہانیاں ہم سے لیں، ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ریاست بچانے کے لیے سیاست قربان کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تین سال بعد ڈیلی میل نے ہم سے غیر مشروط معافی مانگی، ڈیلی میل والوں نے تاخیری حربے استعمال کیے، ڈیلی میل نے مجھ سے نہیں، پاکستان کے 22 کروڑ عوام سے معافی مانگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے بے بنیاد الزام لگا کر شریف خاندان کو بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔
شہباز شریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خانہ کعبہ کے ماڈل کی گھڑی بیچ کر عمران نیازی نے گھٹیا حرکت کی، جعلی رسید دکھا کر فراڈ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چار سال، جھوٹ، بغض، انا اور مخالفین کے خلاف مقدمات کے علاوہ کچھ نہیں کیا، اگر یہ وقت ملک کی بہتری پر لگاتے تو آج یہ حال نہ ہوتا۔