• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

15 سے 30 دسمبر تک فیصلہ ہوجائے گا کہ اسمبلیاں ٹوٹیں گی یا الیکشن ہوگا، شیخ رشید

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 15 سے 30 دسمبر تک فیصلہ ہوجائے گا کہ اسمبلیاں ٹوٹیں گی یا الیکشن ہوگا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پرویز الہٰی، عمران خان کی بات مانیں گے اور مستعفی ہوجائیں گے۔

شیخ رشید انٹرویو کے دوران رو پڑے، اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو پتا ہے انہیں کون لایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج پاکستان کی قومی سلامتی کی ضامن ہے، سارے سیاستدان گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں،  ملک کی سالمیت فوج کے ذمہ ہے، یہ فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے، پاکستان اندر سے بیٹھ رہا ہے، یہ فوج اور  سیاستدانوں کا بھی پاکستان ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کو پتا ہے انہیں کس طرح لایا گیا، کس طرح کیس ختم ہوئے، میں کابینہ میں عمران خان کو کہتا تھا کہ اسمبلیاں توڑ دیں اور الیکشن میں جائیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اگر ڈیڑھ سال بعد الیکشن ہوتے تو ہم کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوتے۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے 13 جماعتوں کو چنے چبوائے ہیں، پرویز الہٰی عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، اسی میں پرویز الہٰی اور ان کے خاندان کی بہتری ہے، چوہدری شجاعت نے بتایا کہ ہماری صلح ہوگئی ہے، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا نسلی اور اصلی کا کام ہے۔

 شیخ رشید نے کہا کہ مجھے کسی اسٹیبلشمنٹ نے تنگ نہیں کیا، عمران خان کو اتارنے کےلیے سندھ ہاؤس میں 25 سے 30 کروڑ کی منڈی لگی۔

قومی خبریں سے مزید