وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ عمران صاحب الزام ثابت کیوں نہیں کیے؟ آپ نے ثبوت کیوں نہیں دیے؟
عمران خان کے 17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے سے متعلق تاریخ دینے کے اعلان پر مریم اورنگزیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود 20 دسمبر تو پھر بھی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا رونا، پیٹنا اور چیخنا این آر او لینے کے لیے ہے، آپ نے جو گل کھلائے ہیں، وہ قوم کے سامنے آ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کسی نے کوئی چوری کی تھی تو آپ کو 4 سال میں الزام ثابت کرنے تھے ناں، عمران صاحب الزام ثابت کیوں نہیں کیے؟ ثبوت کیوں نہیں دیے؟
ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی اب صرف زہریلے اور سازشی فتنے سے آزادی ہے، 4 سال جو آپ نے کیا ہے وہ ذرا عوام کو بتادیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اب چور چور کی گردان کرتے ہوئے ذہنی مریض لگتے ہیں، پوچھنا یہ تھا کہ عمران صاحب اتنی عجلت اور پریشانی کیوں؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان اب حقیقی آزادی کی گردان کرتے ہوئے دماغی مریض لگتے ہیں، وہ کہتے ہیں کل تاریخ دوں گا آج تاریخ دوں گا پکی جھوٹی عادتیں نہیں جاتیں۔