گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور سابق میئر کراچی وسیم اختر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، صوبائی حکومت کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن شپ اور کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے پر بات چیت ہوئی، جبکہ ترقیاتی منصوبوں سمیت عوامی فلاح و بہبود کے دیگر اقدامات اور سیلاب متاثرین کی بحالی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لیے باہمی مشاورت کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ صوبہ کی ترقی کے لیے گورنر سندھ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
گورنر کامران خان ٹیسوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی میں وفاق کا کردار اہم ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سے انفرا اسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔