• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روانڈا کی پاکستانی کمیونٹی کو ہراساں کرنے کا معاملہ، چیئرمین سینیٹ کمیٹی ایف آئی اے پر برہم

روانڈا میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایف آئی اے کی ہراسگی کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چئیرمین نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ روانڈا میں پاکستانی کمیونٹی نے کہا کہ انہیں ویزا آن آرائیول کی سہولت ہے لیکن جب روانڈا سے پاکستان واپس آتے ہیں تو ایف آئی اے والے تنگ کرتے ہیں۔

چیئرمین نے کہا کہ ایف آئی اے کا اس طرح کا رویہ قابل افسوس ہے، فاروق ایچ نائیک نے روانڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر کی تحریری شکایت ایف آئی اے حکام اور وزارت خارجہ کو دے دی۔

چیئرمین خارجہ کمیٹی نے ایف آئی اے اور وزارت خارجہ سے آئندہ اجلاس میں تحریری جواب طلب کرلیا۔

چیئرمین نے کابل میں پاکستانی سفیر پر حالیہ قاتلانہ حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کبھی افغانستان کی ترجمانی نہیں کی، پاکستان نے کی ہے لیکن افغانستان پاکستان کے خلاف ہی بندوق اٹھاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی خواہشات کے برعکس پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑا رہتا ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ افغانستان اس کے باوجود پاکستان کو کسی خاطر میں نہیں لاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے متعلق پاکستان کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کی اشد ضرورت ہے۔

قومی خبریں سے مزید