پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی پنجاب میں کوئی سازش نہ پہلے کامیاب ہوئی اور نہ اب ہو گی۔
لاہور میں مصدق عباسی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ 23 دسمبر کو اسمبلیاں ختم ہوجائیں گی ، پی ڈی ایم کاجھوٹا بیانیہ ماند پڑ گیا ہے۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری پاکستان کی سیاست میں کرپشن اور بدعنوانی کا استعارہ ہیں۔
مسرت جمشید کا کہنا ہے کہ ضمیروں کے سوداگر نے سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے آنے والی امداد تک ہڑپ کر لی۔
اس موقع پر مصدق عباسی نے کہا کہ گھڑی کے بارے میں ثبوت ہیں تو عمران خان پر کیس کریں، قانونی چیز کو غیرقانونی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے گاڑیاں لیں، ان لوگوں کو 3 سے 4 ماہ میں سزا ہو جانی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے چوہدری شجاعت سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے پنجاب میں درمیانی راستہ نکالنے پر چوہدری شجاعت سے تبادلۂ خیال کیا تھا۔
آصف زرداری نے چوہدری شجاعت سے کہا تھا کہ اگر آپ انہیں ہدایات جاری کر دیں تو پرویز الہٰی اسمبلی تحلیل نہیں کریں گے۔