لاہور کی سیشن عدالت میں پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گِل کے وکیل نے شاہد خاقان عباسی کے ہرجانے کے دعوے پر جواب کے لیے مہلت طلب کر لی۔
لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج نے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے دعوے پر سماعت کی۔
شاہد خاقان عباسی نے شہباز گِل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی بھی استدعا کر رکھی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایڈووکیٹ رانا اسد کے توسط سے دعویٰ دائر کیا، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شہباز گل نے 31 جولائی کو پریس کانفرنس میں بھارتی فرم سے رشوت لینے کا الزام لگایا تھا۔
دعوے کے متن مطابق شہباز گِل نے شاہد خاقان عباسی پر رشوت کا الزام لگا کر اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کے اسٹاف افسر کہلوانے والے شہباز گل نے 140 ملین رشوت کا الزام لگایا، سائل کے پاس جھوٹے الزامات پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے استدعا کی ہے کہ ساکھ کو نقصان پہنچانے پر شہباز گِل سے 2 ارب روپے ہرجانہ دلوایا جائے۔