وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سنا ہے کہ مودی کی پارٹی نے میرے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے مقرر کی ہے۔
بلاول بھٹو نے نریندر مودی کو گجرات کا قصائی کہنے کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے بھارتی وزیرِ اعظم سے متعلق تاریخی حقیقت دہرائی ہے۔
دوسری جانب انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت لگا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بلاول بھٹو کے خلاف بی جے پی کے مقامی رہنما منوپال بنسال نے اشتعال انگیزی کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بی جے پی کی جانب سے بھارت میں بلاول بھٹو کے خلاف ریلیاں نکالی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ نیویارک میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن تو مر چکا ہے مگر گجرات کا قصائی زندہ ہے اور بھارت کا وزیرِ اعظم بن چکا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی حکومت گاندھی کی نہیں، گاندھی جی کے قاتل کے نظریات پر یقین رکھتی ہے، ہٹلر سے متاثر ہے۔
بلاول بھٹو کے بیان پر بھارتی سرکار کے ساتھ ساتھ انتہا پسند ہندو جماعت بی جے پی بھی سیخ پا ہو گئی ہے اور پاکستان اور اس نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے۔