چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملتان کے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات میں ارکان اسمبلی نے 23 دسمبر کو اسمبلی تحلیل کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔
ارکان نے عمران خان کے روبرو رائے دی کہ نگراں سیٹ اپ طویل کرلیا گیا تو ہمیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی کی رائے پر عمران خان نے جواب دیا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، عام انتخابات ہی ملک کو بچانے کا حل ہیں۔
حاضرین سے گفتگو میں پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے پی ڈی ایم کو خوفزدہ ہونا چاہیے آپ کو نہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے ارکان اسمبلی کو یقین دلایا کہ پرویز الہٰی اپنا اور اپنی پارٹی کا موقف رکھنے کے باوجود ہمارے ساتھ ہیں۔
عمران خان نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کےلیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔