لاہور(خصوصی نمائندہ) ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے ہدایت کی ہے کہ شہر میں 60 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کا کام 30جون تک مکمل کیا جائے‘ ہر ٹائون میں جنریٹروں کو ہنگامی بنیادوں پرفنکشنل کیا جائے اور ٹائون انچارج اپنی یونین کونسلوں میں ٹیوب ویل آپریشن‘ جنریٹروں کی ورکنگ اور فراہمی و نکاسی آب کو یقینی بنائیں- اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی بھی ادارے کو اپنے فرائض کی بجاآوری میں سستی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ واسا اپنی کوتاہیاں دور کرے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے اور افسران سے لے کر اہلکاران کے لئے سزا اور جزا کا طریقہ کار لاگو ہونا چاہیے۔ حمزہ شہبازنے ہدایت کی کہ لاہور کی تمام یونین کونسلوں کا ایک ہفتے میں ریکارڈ مرتب کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ہر یونین کونسل میں نئی واٹرسپلائی سے صارفین کو پینے کا پانی مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ پرانی واٹرسپلائی کو منقطع کیا جائے ۔ انہوں نے ڈینگی ٹیموں کی طرز پر گھر گھر سروے کر کے پانی کے ضیاع کو روکنے کی ہدایت کی۔ حمزہ شہباز نے واسا حکام کو اورنج لائن ٹرین سے منسلک علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں حمزہ شہبازکو وائس چیئرمین واسا و ایم پی اے چوہدری شہباز‘ اراکین اسمبلی غزالی بٹ‘ مرغوب احمد‘ رمضان بھٹی‘ ملک وحید‘ ماجدظہور اور سیدتوصیف شاہ نے اپنے علاقوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔