• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا اور یو ایس اوپن کا ترک شیف سالٹ بے کیخلاف ایکشن

فوٹو بشکریہ غیرملکی میڈیا
فوٹو بشکریہ غیرملکی میڈیا

ترکیہ کے معروف شیف نصرت گوکسی عرف سالٹ بے کی ورلڈ کپ فائنل کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو پریشان کرنے کی حرکت پر فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹینا کی ٹیم سے کسی بھی قسم کا تعلق نہ ہونے کے باوجود نصرت گوکسی نہ صرف اسٹیڈیم میں گھس آئے تھے بلکہ انہوں نے ورلڈ کپ ٹرافی کو بھی ہاتھ لگایا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ان کی اس حرکت کے باعث سیکڑوں لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد اب فیفا نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق انٹرنیٹ پر نصرت گوکسی کی ارجنٹینا کے فٹبالرز کے ساتھ اور ورلڈکپ ٹرافی اٹھائے ہوئے کئی تصاویر سامنے آئی تھیں۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فیفا قوانین کے مطابق صرف ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ملکوں کے سربراہان کو ٹرافی چھونے کی اجازت تھی۔

فیفا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس بات کا تعین کیا جارہا ہے کہ لوگوں نے کس طرح 18 دسمبر کو لوسیل اسٹیڈیم میں اختتامی تقریب کے بعد گراؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔

رپورٹس کے مطابق ابتداء میں افواہیں زیرِ گردش تھیں کہ سالٹ بے کو گراؤنڈ اور ٹرافی تک رسائی فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو سے تعلقات ہونے کے باعث ملی تاہم برطانوی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان دونوں کے درمیان کوئی تعلق نہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ترک شیف نے جشن کے دوران ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی کو پکڑنے کی بھی کوشش کی تھی جس پر میسی نے انہیں روک دیا تھا۔

علاوہ ازیں سالٹ بے کے یو ایس اوپن کپ 2023ء کے فائنل میں بھی شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

امریکی ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل ہینڈل کے ذریعے سالٹ بے پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید