وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان آپ کو پتہ ہے ان کا اقتدار ایوان میں اکثریت کھونے سے ختم ہوا۔
مریم اورنگزیب نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک پر نوازشریف کا مینڈیٹ چوری کرکے مسلط ہوئے تھے، اس لیے جو چیز اپنی نہ ہو تو اس چیز کو اصل مالک کو واپس کرنا پڑتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت کو اپنے جھوٹ، کرپشن اور نااہلی سے ختم کیا، سو فیصد پاکستانی کہتے ہیں ملکی مسائل کا حل صرف شفاف الیکشن ہیں مگر الیکشن آئینی مدت پوری ہونے پر ہونے چاہیئے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے عوام دشمنی اور آئین شکنی سے ملک کے مفاد کیساتھ کھیلا۔
مریم اورنگزیب نے عمران خان سے سوال کیا کہ آج 23 دسمبر ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کا کیا ہوا؟
اُنہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو تاریخی قرضوں کی بھینٹ چڑھادیا، معیشت تباہ کردی، عوام کو تاریخی مہنگائی کی دلدل میں دھنسایا، قومی مفادات سے کھیل کھیلا، کشمیر کا سودا کیا اور کہتے ہو مجھے کیوں نکالا۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ ملک اورعوام کی نہیں عمران خان کی انّا تکبر، فساد، سازش اور لوٹ مار کی جنگ ہے، یہ جنگ احتساب سے بھاگنے، ملک اورتوشہ خانہ لوٹے والوں کےخلاف ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کو ڈیل ملے گی اور نہ ہی ڈھیل، ہم نے ان کی لوٹ مار کی حکومت کو عدم اعتماد کے ووٹ کے آئینی طریقے سے ہٹایا ہے۔
اُنہوں کا عمران خان کے بارے میں یہ بھی کہنا ہے کہ بہروپیے کا اصل چہرہ دیکھ کر ان کے اتحادیوں اور لوگوں نے ان کو ایوان سے باہر نکالا۔