لاہور کئی دنوں سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، شہر میں کم از کم درجہ حرارت 4 ڈگری سنٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب سردی کی شدت بڑھنے پر شہریوں نے لنڈے بازار کا رخ کر لیا، شہر میں جیکٹس، گلوز اور مفلر سمیت گرم ملبوسات کی خریداری بڑھ گئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھتے ہی گیس پریشر مزید کم ہو گیا جبکہ متعدد علاقوں سے گیس غائب ہونے لگی۔
گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر میں ایل پی جی اور لکڑی کا استعمال بڑھ گیا، شہری بازار سے ناشتہ اور کھانا لانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ، انار کلی، رنگ محل، نسبت روڈ ، گوالمنڈی، فیروز پور روڈ، سبزہ زار، گڑھی شاہو گرین ٹاؤن، ہربنس پورہ، سمن آباد، اچھرہ، گلشن راوی، چوبرجی اور مزنگ کے علاقے گیس کی لوڈشیڈنگ سے متاثر ہیں۔
دوسری جانب ترجمان سوئی ناردرن گیس میاں امجد اکرم کا کہنا ہے کہ تمام سیکٹرز کو گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، کھانا پکانے کے اوقات میں گیس فراہمی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ٹیل اینڈ والے علاقوں کے صارفین کے لیے ایل پی جی سلینڈر متعارف کرائے گئےہیں، گیس کمپریسر کے استعمال کی وجہ سے بعض علاقوں میں پریشر کم ہے، گیس کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کا کنکشن منقطع کر دیا جائےگا۔