• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک بڑا صنعتکار جو کراچی سے اپنی صنعت بیچ کر حالات کے ہاتھوں چند سال قبل لاہور شفٹ ہو چکا تھا، مجھ سے مشورہ کرنے کراچی آیا۔ اس نے پنجاب کی صورتحال بتا کر مجھے حیران اور پریشان کر دیا۔ بقول اس کے اس وقت بڑی بڑی صنعتیں جن میں ٹیکسٹائل سر فہرست ہے، 60فیصد بند ہو چکی ہیں۔ گیس اور بجلی کے بحران نے مقامی صنعتیں گھی ،تیل، سیمنٹ اورسریا سب کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا ہے ۔بینکوں نے 50ہزار تک کی L/Cکھولنے سے معذرت کر لی ہے ۔ بینک میں پڑے ڈاکومنٹس تک نہیں چھڑا ئےجا رہے، ہمارے وزیر خزانہ ڈالرکو اصل قیمت یعنی 260روپے پر لانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ایکسپورٹرز نے ڈالر بینکوں کے بجائے دبئی ہنڈیوں کے ذریعے کیش کرانے شروع کر دئیے ہیں، پاکستانی غیر ممالک سے ڈالرزہنڈیوں کے ذریعے بھیج کر 255/260میںکیش کروارہے ہیں، مارکیٹ میں کسی قیمت پر ڈالر دستیاب نہیں ،بعض منی چینجرزنے ڈالر ذخیرہ کر رکھا ہے، باہر اسمگل کروا رہے ہیں ۔ افغانستان ان کا آسا ن راستہ ہے ،ہمارے حکمراں سیاست سیاست کھیل رہے ہیں ۔وزیر اعظم سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر کے مفت مکانوں ،دکانوں اورنقد ی کا دلاسا دے کرکسانوں کو تسلیاں دینے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ خواجہ آصف نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں ہوٹل ،دکانیں 8بجے بند ہو جائیںگے ،10بجے تک تمام شادی ہالوں کو بند کردیا جائے گا ۔دھند کی وجہ سے صبح کی فلا ئٹس لاہور نہیں اتر سکیں گی،موٹر وے بھی دھند ختم ہونے تک بند رہے گی۔روز مرہ کی اشیائے ضروریہ چینی،دال ،گھی،مرغی،بکرے کا گوشت ،گائے کا گوشت اور انڈہ سب مہنگا ہو چکا ہے ۔دودھ اور دہی بھی نایاب ہونے جا رہاہے ۔ادویات تو پہلے سے مارکیٹ سے غائب کر دی گئی ہیں،پیرا سٹا مول ، انسولین اور دیگر جان بچانے کی ادویات تک غائب کر دی گئی ہیں۔ عمران خان،باجوہ صاحب کا کارڈ ان کےجانے کےبعد بھی کھیلنے سے باز نہیں آرہے جس کی وجہ سے چوہدری برادران میں زبر دست سیاسی دراڑیں پڑ چکی ہیں۔چوہدری شجاعت ،مولانا فضل الرحمان کے پڑھے ہو ئے دم کردہ پانی پی چکے ہیں ،محترم آصف علی زرداری ان پر اثر انداز ہو چکے ہیں ۔اصلی میاں صاحب تقریبالنگوٹ کس چکے ہیں ، کسی وقت بھی ان کی ہنگامی لینڈنگ ہو سکتی ہے ۔گویا ہمارے تمام کے تمام سیاست دانوں کو صر ف پنجاب اسمبلی کو فتح کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے اور پی ٹی آئی کو ہر قیمت پر سیاست سے راوی بُردکرنا ہے،معیشت کا مکمل بیڑا غرق ہو تا ہے تو ہوتا رہے ۔

75سالہ تاریخ کا دوسرا انوکھا داغ بھی اس حکومت کو انگلینڈ کے ہاتھوں لگنا تھا، اپنے ہی وطن کی سرزمین پر بدترین شکست کرکٹ کے میدان میں ہوئی۔کسی کو دکھ نہیں بابر اعظم پھر اعظم ہی رہے گا، کوئی نہیں پوچھے گا کہ اس نے T-20کی ٹیم ٹیسٹ میں کیوں کھلائی اور اظہر علی،رضوان کو کیوں کھلایا؟ کراچی میں دن دہاڑے ڈاکوئوں کا راج ہے، گھر سے نکلنا خطرناک ہو چکا ہے ،لاکھوں افغانی دوبارہ سرحدیں پار کرکے بلوچستان اور کراچی میں آجا رہے ہیں ۔ اب تو اسلحہ کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں ،کمال تو یہ ہے کہ سندھ پولیس کے افسر کراچی کے عوام کو مشورہ دے رہے ہیں کہ ان ڈاکوئوں سے مزاحمت نہ کریں، رات میں باہر نہ نکلیں،گھرکے دروازے نہ کھولیں۔ پھر یہ پولیس کس لئےتنخواہیں اورمراعات وصول کرتی ہے؟

قارئین اگر قو م اب بھی نہ جاگی اور سیاست دانوں کا احتساب شرو ع نہ کیا تو ہمارے بچوں کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔فی الحال ایک موبائل کے 10ہزار ٹاور برائے فروخت ہیں، 50فیصدشیئرز ایک اور موبائل کمپنی نے اپنے ملاز مین کو فروخت کرد ئیے ہیں ۔ٹویوٹا نے اسٹاف کم کردیا ہے اور پارٹس نہ ہونے کی وجہ سے فیکٹری بند کر دی ہے ۔کراچی پورٹ پر 10جہاز لنگرانداز ہیں۔400سے زائد کنٹینرزکا سامان پورٹ پر پڑا ہوا ہے ۔تاجروں کا 15ارب کا سرمایہ اٹکا ہوا ہے ۔وہ سب پریشان ہیں، کنسٹرکشن کا کام بند ہو رہا ہے، مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب گورنر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈی نو ٹیفائی کردیاتھا اور گورنر کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ کو ارا کین اسمبلی کی اکثریت حاصل نہیں ،چوہدری پرویز الٰہی نے کہا تھاکہ میں نوٹیفیکیشن کو نہیں مانتا، کیس عدالت میں ہے۔یہ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا اللہ ہی جانے،مگر قوم اور ملک کی کسی کو کوئی پروا نہیں ہے۔

تازہ ترین