• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوز چینلز کو عمومی نوٹسز مسترد، پیمرا انفرادی خلاف ورزی کی نشاندہی کرے، ایمنڈ

ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے پیمرا کی جانب سے اسلام آباد میں حالیہ دھماکے پر نیوز چینلز کو جاری کئے جانے والے اظہار وجوہ کے نوٹسز کو مسترد کرتے ہوئے پیمرا کے اقدام کو قانون کا غلط استعمال اور چینلز کو دباؤ میں لانے کی بھونڈی کوشش قرار دے دیا۔

ایک بیان میں ایمنڈ نے کہا کہ نیوز چینلز قومی سلامتی کے معاملات، دہشت گردی کے واقعات، مذہبی منافرت اور حساس معاملات پر دوران رپورٹنگ انتہائی ذمہ داری اور پروفیشنلزم کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

اسلام آباد کے آئی ٹین سیکٹر میں حالیہ دھماکے کی رپورٹنگ کے دوران بھی پیمرا کے وضع کردہ تمام قوانین اور معاشرتی ضابطوں کا خیال رکھا گیا، لیکن اس کے باوجود غیرضروری نوٹس کا اجرا پیمرا کی بدنتیی اور مذموم مقاصد کی عکاسی کرتا ہے۔

ایمنڈ کے مطابق اس کا ثبوت یہ ہے کہ پیمرا نے کسی چینل کی انفرادی نشاندہی کے بجائے تمام چینلز کے لئے عمومی اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیے۔

ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے کہا کہ ملک میں تواتر سے ہونے والے دہشتگردی کے واقعات پر بھی پاکستانی میڈیا نے قومی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائی اور اس کا ثبوت حالیہ دنوں میں بنوں میں دہشتگردی کا واقعہ ہے۔ جس میں دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بننے والے سیکیورٹی اہلکاروں سے متعلق رپورٹنگ کے دوران حد درجے احتیاط برتی گئی۔ 

نیوز چینلز نے ہمیشہ ایسی خبروں سے گریز کیا جس سے دہشتگردوں کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہو۔ ایمنڈ یہ سمجھتی ہے کہ پیمرا نیوز چینلز کو غیرضروری عمومی نوٹسز کے اجراء کے بجائے کسی بھی چینل کے خلاف انفرادی عمل کی واضح نشاندہی کرے۔

قومی خبریں سے مزید