پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں۔
اسلام آباد میں چوہدری شجاعت حسین نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت نوید انور چوہدری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، مشاہد حسین سید، چوہدری شافع حسین اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر سینئر صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے، ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے۔
ق لیگی سربراہ نے مزید کہا کہ اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی، ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا، عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے۔
چوہدری شجاعت حسین نے یہ بھی کہا کہ بہت سی طاقتیں پاکستان کو تباہ کرنا چاہتی ہیں، پاکستان کو تباہ کرنے کی خواہشمند طاقتیں خطے میں بھارت کی بالادستی چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ممالک کے سامنے اپنا ریٹ بڑھانے والوں کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
ق لیگی سربراہ نے استفسار کیا کہ کیا انتخابات مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ سب پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں، ملک کی بات ہوگی تو پارٹیاں رہیں گی اور چلیں گی۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نہ فوج کو آنا ہے نہ کسی اور کو، اگر یہ وقت گزر گیا تو پھر کسی کے ہاتھ نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم سمجھے نہیں تو نہ ملک چلے گا اور نہ پارٹیاں چلیں گی، میں نے اپنی پارٹی کو کہا ہے کہ اپنی نہیں پاکستان کی بات کی جائے۔
ق لیگی سربراہ نے کہا کہ عوام نے انہیں منتخب کر کے بھیجا ہے، وہ دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نمائندے کیا کر رہے ہیں، اگر انہوں نے صرف تنخواہ اور دیگر مراعات لینی ہیں تو اس کا کچھ فائدہ نہیں۔