وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگے درآمدی ایندھن پر گزشتہ حکومت نے مجرمانہ غفلت کی۔
کانفرنس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ مہنگے درآمدی ایندھن کے باعث ملک کو معاشی مسائل کا سامنا ہے اور گزشتہ حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکلر ڈیبٹ کھربوں روپے کا اژدھا بن چکا ہے، اس میں تمام حکومتیں شامل ہیں، جنہوں نے اصلاحات نہیں کیں اور سرکلر ڈیبٹ میں حصہ ڈالا، اس حمام میں سب ننگے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے بدترین انتقام لیا، ایسی حکومت جسے آئے 8 ماہ ہوئے ہیں، 30 سال کا ملبہ ختم نہیں کر سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل کرنا کبھی بھی اتحادی حکومت کی خواہش نہیں لیکن مجبوری ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ سیلاب متاثرین کو سبسڈی دینے کے لیے بھی ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شارٹ ٹرم میں ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرنا ہے جو آئندہ جون تک ختم ہوگا۔