روس کے رکن پارلیمنٹ پاویل اینتونوف بھارت میں پراسرار طور پر انتقال کر گئے۔
پاویل روس کی بڑی فوڈ انڈسٹری ’ولادیمیر اسٹینڈرڈ‘ کے مالک تھے، وہ اپنے ہوٹل کی کھڑکی سے گر کر ہلاک ہوگئے۔
پاویل روس کے امیر ترین رکن پارلیمنٹ ہونے کے ساتھ ساتھ یوکرین پر روسی جارحیت کے مخالف تھے۔
نئی دہلی میں قائم روسی سفارتخانے نے کہا ہے کہ ریاست اڑیسہ کی پولیس کو پچھلے دو دنوں کے دوران اس کے دو شہریوں کی ایک ہی ہوٹل میں ہلاکت کے درمیان کوئی مجرمانہ تعلق نہیں ملا۔
پاویل اینتونوف اور ولادیمیر بدینوف کی ریاست اڑیسہ کے ایک ہی ہوٹل میں موت ہوئی۔
پولیس نے ہفتے کو 65 سالہ پاویل کی خون میں لت پت لاش ہوٹل کے باہر سے برآمد کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ خودکشی کا لگتا ہے کیونکہ پاویل اپنے دوست کی موت پر بےحد افسردہ تھے۔
واضح رہے کہ 22 دسمبر کو اسی ہوٹل میں روس کے رکن پارلیمنٹ اینتونوف کے ساتھی ولادیمیر بدینوف اپنے کمرے میں بےہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے۔ اسپتال لے جانے پر ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیا تھا۔
روسی سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس کو دونوں واقعات میں مجرمانہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے۔