ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں صبح سویرے مطلع جزوی ابر آلود ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنوری کے 2 ہفتوں تک بارش کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ آج موسم جزوی ابر آلود ہے، سردی کی شدت بھی کم ہے، تاہم آج دن بھر سمندری ہوائیں چلیں گی۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں آج ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شہرِ قائد میں جنوب مشرق کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 86 فیصد ہے۔
ادھر شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری ہے۔
پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے جبکہ شیخو پورہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش جاری ہے۔
بھکر اور جہانیاں کے گرد و نواح میں بارش ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
چیچہ وطنی شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی بارش ہوئی ہے۔
ملتان اور لودھراں میں بھی بارش سے سردی بڑھ گئی۔
بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
کیسکو کے ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں 20 سے زائد فیڈرز فنی خرابی کے باعث بند ہو گئے ہیں، جس سے کوئٹہ کے بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
کیسکو حکام نے بتایا ہے کہ بارش رکنے کے بعد فنی خرابی دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
تربت میں 34، قلات میں 14، چمن میں 12، پنجگور میں 10، مستونگ میں 7، پشین اور زیارت میں 6، مسلم باغ میں 5 اور بارکھان میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔